MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

بالاہتمام ظلم کی تجدید کی گئی

بالاہتمام ظلم کی تجدید کی گئی
اور ہم کو صبر و ضبط کی تاکید کی گئی

اول تو بولنے کی اجازت نہ تھی ہمیں
اور ہم نے کچھ کہا بھی تو تردید کی گئی

انجام کار بات شکایات پر رکی
پرسش اگرچہ از رہ تمہید کی گئی

تجدید التفات کی تجویز رد ہوئی
ترک تعلقات کی تائید کی گئی

جینے کا کوئی ایک سہارا تو چاہئے
ڈر ڈر کے کی گئی مگر امید کی گئی

گھر کے چراغ اور بھی بے نور ہو گئے
اس درجہ خاطر مہ و خورشید کی گئی

اقبال عظیم

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم