MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

تنویر احمد علوی

تنویر احمد علوی اترپردیش کے ضلع مظفر نگرکے قصبہ کیرانہ کے محّلہ انصاریان میں 23جولائی1923کو پیدا ہوئے۔ تنویر احمدعلوی کے والدکا نام حکیم صدیق احمد علوی اوروالدہ کا نام صغرا بیگم تھا۔بچپن ہی میں والدین کا انتقال ہو گیا تھا۔علوی صاحب کی پرورش اور تعلیم و تربیت میں چچا منشی شفیق احمدنے نمایاں کردار ادا کیا۔ ابتدائی تعلیم کا آغازکیرانہ سے ہوا، اس کے بعد 1936 میں عربی و فارسی کی تعلیم کے لیے دارالعلوم دیوبند میں داخلہ لیا۔1942 میں فن طب کی تعلیم کے لیے پٹیالہ آئے۔ انھوں نے B.A. اور M.A کی تعلیم آگرہ یونی ورسٹی سے حاصل کی۔اس کے بعد انھوں نے 1960 میںعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ’ ذوق سوانح اور انتقاد‘ جیسے اہم موضوع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 1970 میںعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے انھیں اپنی تاریخ کی پہلی ڈبل ڈاکٹریٹ (آرٹس زمرے میں) کی ڈگری عطا کی۔یہ ڈگری علوی صاحب کے لیے کسی بڑے اعزازسے کم نہ تھی۔ہریانہ اردو اکادمی نے علوی صاحب کی تحقیقی و ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کل ہند سطح کے سب سے بڑے قومی ایوارڈ ’حالی ایوارڈ‘ برائے سال 1989-90 سے نوازا۔اس کے ایک سال بعد اردو اکادمی دہلی نے تحقیق و تنقید ایوارڈ ’ازراہِ علم‘سے نوازکر علوی صاحب کی قدر دانی کی۔ اردو اکادمی دہلی نے علوی صاحب کی مجموعی خدمات کے اعتراف میں ’بہادر شاہ ظفر ایوارڈ‘2004 سے سرفراز کیا۔ بالآخر 20فروری2013 کی شام وہ اس دنیائے فانی سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے۔