MOJ E SUKHAN

بہت ہی خوش ہوں کہ پیاروں سے ہو کے آیا ہوں

بہت ہی خوش ہوں کہ پیاروں سے ہو کے آیا ہوں
میں رفتگاں کے مزاروں سے ہو کے آیا ہوں

میں شہرِ وصل میں آسان تو نہیں پہنچا
جنوں کی راہگذاروں سے ہو کے آیا ہوں

یہ اور بات کہ لگتا ہے تُو ہی پہلا ہے
میں تیرے پاس ہزاروں سے ہو کے آیا ہوں

پہنچ گیا ہوں تو اب سُن ہی لے مری عرضی
بڑی طویل قطاروں سے ہو کے آیا ہوں

غزل سرائے ، چمن زار ، مے کدہ ، صحرا
تری تلاش میں چاروں سے ہو کے آیا ہوں

اسی لیے ہے مرے پانیوں میں شیرینی
مہکتے میٹھے دیاروں سے ہو کے آیا ہوں

کچھ اِس لیے بھی پرندے مجھے سراہتے ہیں
میں خاک زاد ستاروں سے ہو کے آیا ہوں

تمہیں میں دیکھ کے پلٹوں تو ایسا لگتا ہے
کہ میں اجنتا کے غاروں سے ہو کے آیا ہوں

رحمان فارس

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم