MOJ E SUKHAN

رنگ بھرتی ہوئی مے خوار کے افسانے میں

رنگ بھرتی ہوئی مے خوار کے افسانے میں
کوئی تصویر نظر آتی ہے پیمانے میں

ایک سورج کے تعاقب میں چلا تھا لیکن
چھو لیا میں نے کسی شام کو انجانے میں

رونقِ محملِ لیلیٰ ہے فقط میرا وجود
اب مرے خواب بکھرتے نہیں ویرانے میں

کس قدر دیدہِ خوں بار نے محنت کی ہے
دل اٹھا کر تری دہلیز سے چمکانے میں

اس کی تحریر سے واقف تو نہیں ہو خود بھی
تم نے جو ہاتھ چھپا رکھا ہے دستانے میں

جادہء وقت پہ ہم خود سے بچھڑ جاتے ہیں
رہ رو عمرِ گذشتہ کی خبر لانے میں

یہ ضروری تو نہیں ہے کہ نظر بھی آئے
فرق ہوتا ہے جو ہونے میں نظر آنے میں

کون کہتا ہے مرے شہر میں ویرانی ہے
میں تو خود شہر اٹھا لایا ہوں ویرانے میں

یہ مکاں چھوڑ تو جاؤں مگر اے حاصلِ عمر
بھول جاؤں نہ تجھے یاد کے تہ خانے میں

شعر پورا نہ ہوا صبح تلک مست رہے
مصرعِ خوابِ جوانی ہی کو دہرانے میں

دوش کیا ہے کششِ کوچہِ قاتل کا عتیق
میری مرضی بھی تو شامل تھی وہاں جانے میں

عتیق احمد جیلانی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم