MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

محبت ایک جیسی ہے وفائیں ایک جیسی ہیں

محبت ایک جیسی ہے وفائیں ایک جیسی ہیں
یہاں موسم بدلنے پر ہوائیں ایک جیسی ہیں

عجب شہر سخن آباد ہے میری سماعت میں
عجب شہر خموشاں ہے صدائیں ایک جیسی ہیں

تری آنکھوں میں آوازیں مرے ہونٹوں پہ سناٹا
سفر کی داستانیں کیا سنائیں ایک جیسی ہیں

سنا ہے اس طرف بھی شام کو لہجہ مہکتا ہے
خفا آپس میں ہیں لیکن دعائیں ایک جیسی ہیں

رضیؔ دونوں کو اکثر خوف تنہائی ستاتا ہے
رضیؔ دونوں کی قسمت میں سزائیں ایک جیسی ہیں

خواجہ رضی حیدر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم