Huroof e taza ki jadu gari Mubarak ho
غزل
حروفِ تازہ کی جادوگری مبارک ہو
خیال و خوابِ سخن کی پری مبارک ہو
یہ عنقریب تری روح سرخ کر دے گی
جمالِ یار تجھے شاعری مبارک ہو
کسی گلی میں وہ شاید دکھائی دے جائے
سو اس کے شہر ملی نوکری مبارک ہو
ہمارے بس کی نہیں ہے یہ روز کی خواری
سو عاشقوں کو تری چاکری مبارک ہو
یہ لین دین ہمیں تو سمجھ نہیں آتا
دلوں کی آپ کو سوداگری مبارک ہو
مری دراز میں رکھے ہیں میرے بعد تمہیں
وہ ایک پھول اور اک ڈائری، مبارک ہو
ڈاکٹر عدنان خالد
Doctor adnan Khalid