MOJ E SUKHAN

لٹ گیا چین تیرے جانے سے

غزل

لٹ گیا چین تیرے جانے سے
آنکھ بھر آئی مسکرانے سے

شب کی تنہائیوں میں تیری یاد
کم نہیں ہے کسی خزانے سے

یوں ہی آتا نہیں میں تیرے پاس
ربط بڑھتا ہے آنے جانے سے

کی جو اس نے ذرا سی دل جوئی
غم بھی لگنے لگے سہانے سے

مٹ نہیں سکتی دل کی ویرانی
گھر کے دیوار و در سجانے سے

وہ ہوا جب بھی پیار سے گویا
بج اٹھے دل میں شادیانے سے

تنہا انسان کے لئے ہاتفؔ
کم نہیں گھر بھی قید خانے سے

ہاتف عرافی فتح پوری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم