MOJ E SUKHAN

مری غزل جو نئے ساز سے عبارت ہے

مری غزل جو نئے ساز سے عبارت ہے
مرے نفس مری آواز سے عبارت ہے

کھٹک رہا ہے جو نشتر جراحت دل میں
فریب نرگس طناز سے عبارت ہے

حقیقتوں کو فسانہ بنا دیا جس نے
یہ سحر بھی ترے اعجاز سے عبارت ہے

قفس بھی جیسے دریچہ ہے دل کے زنداں کا
نفس بھی لذت پرواز سے عبارت ہے

مرے لہو کی یہ گردش اسی کا جادو ہے
یہ حرف دل جو ترے راز سے عبارت ہے

جہان‌ و جاں کا ستم آرزو کا لطف و کرم
تری ادا سے ترے ناز سے عبارت ہے

نہ آ سکا مرے اشعار میں سلیمؔ کا رنگ
جو اس کے منفرد انداز سے عبارت ہے

 تنویر احمد علوی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم