MOJ E SUKHAN

پورب دیس کی یادیں لایا پھر موسم کا تیکھا پن

غزل

پورب دیس کی یادیں لایا پھر موسم کا تیکھا پن
مجھ سے پہروں انس کرے ہے تنہائی کا سونا پن

دل کے رنگ محل میں جیسے برسوں کوئی نہ جھانکا ہو
تصویروں کی بے نور آنکھیں شیشہ شیشہ دھندلا پن

کتنی بار لہو رویا ہے کتنی بار جلے ہیں چراغ
کتنے غموں کی آنچ میں نکھرا درد کا میٹھا میٹھا پن

ہم ٹھہرے درویش جنم سے پیار کیا تو آ بیٹھے
ہم سے کیا یہ تیکھی نظریں ہم سے کیا بیگانہ پن

انجانے لوگوں تک پہنچا ذکر تمہاری چاہت کا
گلی گلی مشہور ہوا ہے ماہرؔ کا دیوانہ پن

کیلاش ماہر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم