MOJ E SUKHAN

ہے گلو گیر بہت رات کی پہنائی بھی

ہے گلو گیر بہت رات کی پہنائی بھی
تیرا غم بھی ہے مجھے اور غم تنہائی بھی

دشت وحشت میں بہ جز ریگ رواں کوئی نہیں
آج کل شہر میں ہے لالۂ صحرائی بھی

میں زمانے میں ترا غم ہوں بہ عنوان وفا
زندگی میری سہی ہے تری رسوائی بھی

آج تو نے بھی مرے حال سے منہ پھیر لیا
آج نم ناک ہوئی چشم تماشائی بھی

اب کھلا ہے کہ ترا حسن تغافل تھا کرم
گرچہ کچھ دیر طبیعت مری گھبرائی بھی

جز غم دہر مجھے کوئی نہ پہچان سکا
ترے کوچے میں تری یاد مجھے لائی بھی

ان کی محفل میں ظفرؔ لوگ مجھے چاہتے ہیں
وہ جو کل کہتے تھے دیوانہ بھی سودائی بھی

یوسف ظفر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم