MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

وہ مجھ سے ہوئے ہم کلام اللہ اللہ

وہ مجھ سے ہوئے ہم کلام اللہ اللہ
کہاں میں کہاں یہ مقام اللہ اللہ

یہ روئے درخشاں یہ زلفوں کے سائے
یہ ہنگامۂ صبح و شام اللہ اللہ

یہ جلووں کی تابانیوں کا تسلسل
یہ ذوق نظر کا دوام اللہ اللہ

وہ سہما ہوا آنسوؤں کا تلاطم
وہ آب رواں بے خرام اللہ اللہ

شب وصل کی ساعتیں مختصر سی
تمناؤں کا اژدحام اللہ اللہ

وہ ضبط سخن میں لبوں کی خموشی
نظر کا وہ لطف کلام اللہ اللہ

صوفی غلام مصطفیٰ تبسم

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم