MOJ E SUKHAN

غم میں روتا ہوں ترے صبح کہیں شام کہیں

غزل

غم میں روتا ہوں ترے صبح کہیں شام کہیں
چاہنے والے کو ہوتا بھی ہے آرام کہیں

وصل ہو وصل الٰہی کہ مجھے تاب نہیں
دور ہوں دور مرے ہجر کے ایام کہیں

لگ رہی ہیں ترے عاشق کی جو آنکھیں چھت سے
تج کو دیکھا تھا مگر ان نے لب بام کہیں

عاشقوں کے بھی لڑانے کی تجھے کیا ڈھب ہے
چشم بازی ہے کہیں بوسہ و پیغام کہیں

یمنی کی سی طرح لخت جگر پر کھودوں
مج کو معلوم اگر ہووے ترا نام کہیں

ہجر میں اس بت کافر کے تڑپتے ہیں پڑے
اہل زنار کہیں صاحب اسلام کہیں

آرزو ہے مرے تاباںؔ کو بھی اب اے قاتل
کہ بر آئے ترے ہاتھوں سے مرا کام کہیں

تاباں عبد الحی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم