MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

دنیا کے مسائل سے ہر وقت گھرا ہونا

غزل

دنیا کے مسائل سے ہر وقت گھرا ہونا
مشکل تو بہت ہوگا دنیا کا خدا ہونا

امید کے دامن کو چھوڑا بھی نہیں جاتا
لگتا تو ہے نا ممکن وعدے کا وفا ہونا

جتنی بھی خطائیں ہیں یا رب ہیں جوانی کی
جب بس میں نہیں ہوتا اچھا کہ برا ہونا

دشرتھ کی طرح دنیا چھوڑی بھی نہیں جاتی
تکلیف تو دیتا ہے اپنوں سے جدا ہونا

بے کار بناتا ہے بے حال بناتا ہے
انسان کا اپنی ہی نظروں سے گرا ہونا

امید ہے ان کو بھی شاید مرے آنے کی
اتنا تو بتانا ہے دروازے کا وا ہونا

ہونا تو ضروری ہے ہر روز عبادت کا
اچھا بھی نہیں لگتا ہر روز گلہ ہونا

کیا ان کو سکھائے گا کیا ان کو بنائے گا
تلواروں کے سائے میں بچوں کا بڑا ہونا

یاروں کی محبت ہے تیرا بھی کرم یا رب
پروازؔ سے انساں کو ہر شے کا ملا ہونا

درشن دیال پرواز

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم