MOJ E SUKHAN

دنیا کو روشناس حقیقت نہ کر سکے

غزل

دنیا کو روشناس حقیقت نہ کر سکے
ہم جتنا چاہتے تھے محبت نہ کر سکے

سامان گل فروشیٔ راحت نہ کر سکے
راحت کو ہم شریک محبت نہ کر سکے

یوں کثرت جمال نے لوٹی متاع دید
تسکین تشنہ کامئ حیرت نہ کر سکے

اب عشق خام کار ہی ارماں کو دے جواب
ہم ان کو بیقرار محبت نہ کر سکے

بے مہریوں سے کام رہا گو تمام عمر
بے مہریوں کو سہنے کی عادت نہ کر سکے

کچھ ایسی التفات نما تھی نگاہ دوست
ہوتے رہے تباہ شکایت نہ کر سکے

ناکامیاں تو فرض ادا اپنا کر گئیں
ہم ہیں کہ اعتراف ہزیمت نہ کر سکے

فخر مناسبت میں ترا نام لے لیا
ہم خود ہی پردہ دارئ الفت نہ کر سکے

ہر چند حال دیدہ و دل ہم کہا کئے
تشریح کیفیات محبت نہ کر سکے

افلاک پر تو ہم نے بنائیں ہزارہا
تعمیر کوئی دہر میں جنت نہ کر سکے

ہمسائیگئ زاہد بد خو کے خوف سے
پروردگار تیری عبادت نہ کر سکے

حبیب احمد صدیقی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم