MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

کہیں پہ قیس کہیں کوہ کن میاں لکھا

غزل

کہیں پہ قیس کہیں کوہ کن میاں لکھا
تمہارے شوق نے کیا کیا کہاں کہاں لکھا

لکھا تمہیں نے قفس کو مقام آگاہی
وصال دار کی شب صبح کی اذاں لکھا

لکھا تمہیں نے لہو سے کمال گویائی
تم ہی نے خنجر قاتل کو ہے زباں لکھا

لکھا تمہیں نے مری چشم نم کو قلزم خواب
تم ہی نے اس کے تصور کو بادباں لکھا

تمہیں نے موج تمنا کو سر کشیدہ کہا
تم ہی نے خواہش ساحل کو سرگراں لکھا

تمہیں تو نقش کف پائے یار لکھتے رہے
تم ہی نے کوچۂ جاناں کو لا مکاں لکھا

لکھا تمہیں نے ہے صحرا کو داغ سینۂ عشق
تم ہی نے آبلہ پائی سے کہکشاں لکھا

لکھا تمہی نے مری بے بسی کا سارا حساب
تمہی نے مجھ کو شہ خسرو زماں لکھا

تو اب تمہارے لیے کوئی کیا لکھے گا رئیسؔ
کہ جس نے کچھ نہ کیا عمر رائیگاں لکھا

محمد رئیس علوی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم