MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

ہر لمحہ عطا کرتا ہے پیمانہ سا اک شخص

ہر لمحہ عطا کرتا ہے پیمانہ سا اک شخص
آنکھوں میں لیے بیٹھا ہے مے خانہ سا اک شخص

اور اس کے سوا انجمن ناز میں کیا ہے
ہے شمع سا اک شخص تو پروانہ سا اک شخص

خاموش نگاہوں میں قیامت کا اثر تھا
گزرا ہے سناتا ہوا افسانہ سا اک شخص

اک حسن مکمل ہے تو اک عشق سراپا
ہشیار سا اک شخص ہے دیوانہ سا اک شخص

ہم جلوۂ اصنام سے بیزار ہیں لیکن
ملتا ہے وہاں روح صنم خانہ سا اک شخص

اختر انصاری اکبر آبادی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم