MOJ E SUKHAN

اس کی تصویروں کی نسبت خوب ہے کمرا مرا

اس کی تصویروں کی نسبت خوب ہے کمرا مرا
وحشتوں سے ورنہ تو منسوب ہے کمرا مرا

مقبعلمی قیدی ہوں محافظ ہیں مرے کاغذ قلم
لشکر _ تحریر سے مغلوب ہے کمرا مرا

حبس،گرمی ، پیاس ، مٹی ، وحشتیں، ویرانیاں
میرے گھر میں دشت کا مندوب ہے کمرا مرا

ادھ جلے خط ، کوڑا کرکٹ ، سنگ ریزے ، گندگی
مظہر _ محرومی _ جاروب ہے کمرا مرا

منجمد ، سن ، سرد ، ٹھنڈی ، اشک آور ،شل فضا
درد کیسے دور ہو مرطوب ہے کمرا مرا

جھڑتی دیواریں ہیں ،خستہ چھت ہے ،سیلن فرش پر
تیشہ ، اوقات سے مضروب ہے کمرا مرا

اک مری تنہائی ہے مقبول محبوبہ مری
اک مجھے دنیا میں بس محبوب ہے کمرا مرا

مقبول زیدی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم