MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

بدل جاتے ہیں دل حالات جب کروٹ بدلتے ہیں

غزل

بدل جاتے ہیں دل حالات جب کروٹ بدلتے ہیں
محبت کے تصور بھی نئے سانچوں میں ڈھلتے ہیں

تبسم جب کسی کا روح میں تحلیل ہوتا ہے
تو دل کی بانسری سے نت نئے نغمے نکلتے ہیں

محبت جن کے دل کی دھڑکنوں کو تیز رکھتی ہے
وہ اکثر وقت کی رفتار سے آگے بھی چلتے ہیں

اجالے کے پجاری مضمحل کیوں ہیں اندھیرے سے
کہ یہ تارے نگلتے ہیں تو سورج بھی اگلتے ہیں

انہی حیرت زدہ آنکھوں سے دیکھے ہیں وہ آنسو بھی
جو اکثر دھوپ میں محنت کی پیشانی سے ڈھلتے ہیں

محبت تو طلب کی راہ میں اک ایسی ٹھوکر ہے
کہ جس سے زندگی کی ریت میں زمزم ابلتے ہیں

غبار کارواں ہیں وہ نہ پوچھو اضطراب ان کا
کبھی آگے بھی چلتے ہیں کبھی پیچھے بھی چلتے ہیں

دلوں کے ناخدا اٹھ کر سنبھالیں کشتیاں اپنی
بہت سے ایسے طوفاں مظہریؔ کے دل میں پلتے ہیں

جمیل مطہری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم