MOJ E SUKHAN

دل سے ہر دم ہمیں آواز لگا آتی ہے

غزل

دل سے ہر دم ہمیں آواز لگا آتی ہے
بند کانوں کو بھی گریہ کی صدا آتی ہے

دل سے ہے آنکھ تک آئی اثر گرمیٔ شوق
اشک حسرت سے نگہ آبلہ پا آتی ہے

گل ہوا کوئی چراغ سحری او بلبل
ہاتھ ملتی ہوئی پتوں سے صبا آتی ہے

تیری آنکھوں کا ہوں بیمار میں او عیسیٰ دم
نہ دعا آتی ہے مجھ کو نہ دوا آتی ہے

آئنہ صاف سکندر کو دکھایا تو نے
خوب اے خضر تجھے راہ بنا آتی ہے

چھو لیا دھوکے سے دامان صبا تو نے تو کیا
غنچۂ گل کہیں مٹھی میں ہوا آتی ہے

جس قدر وصل بتاں کا تمہیں رہتا ہے فراق
اے نسیمؔ اتنی کبھی یاد خدا آتی ہے

پنڈت دیا شنکر نسیم لکھنوی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم