MOJ E SUKHAN

سونی سونی سی ہے ہر بزم سخن تیرے بعد

غزل

سونی سونی سی ہے ہر بزم سخن تیرے بعد
ختم ہے سلسلۂ عظمت فن تیرے بعد

اپنے افکار سے اردو کو نوازا تو نے
کس کو اردو سے ہے اب اتنی لگن تیرے بعد

کبھی غالبؔ تو کبھی میرؔ کے انداز میں شعر
ہے میسر کسے یہ طرز سخن تیرے بعد

بحر تخئیل میں اگلی سی روانی وہ کہاں
موجزن اب بھی ہیں گو گنگ و جمن تیرے بعد

محفل شعر و ادب میں وہ کہاں جوش و خروش
سرد ہے گرمیٔ بازار سخن تیرے بعد

کس سے پائیں گے سوالوں کا سکوں بخش جواب
دل کو محسوس سی ہوتی ہے گھٹن تیرے بعد

کوئی سلجھا نہ سکا زلف ادب بعد ترے
پڑ گئی گیسوئے اردو میں شکن تیرے بعد

تیرا ہر شعر نیا تیرا ہر اسلوب جدید
کون توڑے گا روایات کہن تیرے بعد

علم و فن میں ترا ثانی کوئی موجود نہیں
ناز کس پر کریں اب اہل وطن تیرے بعد

جان دینے کے لئے اپنی بہ نام اردو
کون پہنچے گا سر دار و رسن تیرے بعد

کون رکھے گا یہاں میکدۂ شعر کی لاج
دیکھنا ہے ہمیں رندوں کا چلن تیرے بعد

کیا گزرتی ہے خبر ہے تجھے اے روح فراقؔ
دل جوہرؔ پہ سر بزم سخن تیرے بعد

چندر پرکاش جوہر بجنوری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم