MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

شام سے پہلے تری شام نہ ہونے دوں گا

غزل

شام سے پہلے تری شام نہ ہونے دوں گا
زندگی میں تجھے ناکام نہ ہونے دوں گا

اڑتے اڑتے ہی بکھر جائیں پر و بال اے کاش
طائر جاں کو تہہ دام نہ ہونے دوں گا

بے وفا لوگوں میں رہنا تری قسمت ہی سہی
ان میں شامل میں ترا نام نہ ہونے دوں گا

کل بھی چاہا تھا تجھے آج بھی چاہا ہے کہ ہے
یہ خیال ایسا جسے خام نہ ہونے دوں گا

لگنے دوں گا نہ ہوا تجھ کو خزاں کی میں ظفرؔ
پھول جیسا ترا انجام نہ ہونے دوں گا

صابر ظفر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم