Main na kehta tha ko Shahroo main na ja yaar mray
غزل
میں نہ کہتا تھا کہ شہروں میں نہ جا یار مرے
سوندھی مٹی ہی میں ہوتی ہے وفا یار مرے
کوئی ٹوٹے ہوئے خوابوں سے کہاں ملتا ہے
ہر جگہ درد کا بستر نہ لگا یار مرے
سلسلہ پھر سے جڑا ہے تو جڑا رہنے دے
دل کے رشتوں کو تماشہ نہ بنا یار مرے
اپنی چاہت کے شب و روز مکمل کر لے
جا یہ سورج بھی ترے نام کیا یار مرے
تجھ سے ملتا ہوں تو رشتہ کوئی یاد آتا ہے
سلسلہ مجھ سے زیادہ نہ بڑھا یار مرے
ایسا لگتا ہے کہ کچھ ٹوٹ رہا ہے مجھ میں
چھوڑ کے تو مجھے اس وقت نہ جا یار مرے
خوش نصیبی سے یہ ساعت ترے ہاتھ آئی ہے
آسماں جھکنے لگا ہاتھ بڑھا یار مرے
طاہر فراز
Tahir Faraz