MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

کہتے ہیں کس کو درد محبت کون تمہیں بتلائے گا

کہتے ہیں کس کو درد محبت کون تمہیں بتلائے گا
پیار کسی سے کر کے دیکھو خود ہی پتہ چل جائے گا

قاصد کی امید ہے یارو قاصد تو آ جائے گا
لیکن ہم اس وقت نہ ہوں گے جب ان کا خط آئے گا

سوچ لے اے تڑپانے والے تو رسوا ہو جائے گا
میرا ذکر جہاں بھی ہوگا تیرا نام بھی آئے گا

تھام کے دل رہ جائیں گے وہ دیکھ کے میری میت کو
میرا جنازہ جب کہ نکل کر ان کی گلی سے جائے گا

ٹھوکر کھانے والے راہی اس میں خطا رہبر کی نہیں
جو نہ چلے گا دیکھ کے رستہ راہ میں ٹھوکر کھائے گا

لٹنے کا افسوس بجا ہے لیکن اے لٹنے والو
کس کو خبر تھی قافلہ آ کر منزل پہ لٹ جائے گا

شیشۂ دل اس بت نے توڑا پرنمؔ اس پہ حیرت کیا
ٹوٹ ہی جائے گا جو شیشہ پتھر سے ٹکرائے گا

پرنم الہ آبادی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم