MOJ E SUKHAN

کہیں سے بھی سخن معتبر نہیں آتا

غزل

کہیں سے بھی سخن معتبر نہیں آتا
نظر ہمیں کوئی اہل نظر نہیں آتا

ہوائے دشت یہ تاثیر خود فراموشی
بہت دنوں سے تصور میں گھر نہیں آتا

عجب شناور بحر وجود ہیں ہم بھی
ہمیں زمان و مکاں کا سفر نہیں آتا

لہو سے لفظ کی تخلیق ہم نہیں کرتے
جبھی تو اپنے بیاں میں اثر نہیں آتا

یہ سوچتے ہیں کہ منزل رسی سے کیا حاصل
جب اپنے ساتھ کوئی ہم سفر نہیں آتا

یہ عرصہ گاہ طلب قربتوں کی دنیا ہے
یہاں ہم ایسا کوئی بے ہنر نہیں آتا

دریچے روز ہی کھلتے ہیں بند ہوتے ہیں
مگر وہ چہرۂ رنگیں نظر نہیں آتا

حجاب کون سا مانع ہے کچھ نہیں معلوم
میں چاہتا ہوں وہ آئے مگر نہیں آتا

طلسم تیرہ شبی لیثؔ کس طرح ٹوٹے
کوئی بھی لے کے پیام سحر نہیں آتا

لیث قریشی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم