MOJ E SUKHAN

[wpdts-date-time]

نصرت فتح علی خان

استاد نصرت فتح علی خان (پیدائش: 13 اکتوبر 1948ء | وفات: 16 اگست 1997ء) عظیم پاکستانی قوال، موسیقار، موسیقی ڈائریکٹر اور بنیادی طور پر قوالی کے گلوکار تھے۔ نصرت فتح علی خان کو اردو زبان میں صوفی گلوکار اور جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے قوالی کے گلوکار کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انھوں نے پاپ و کلاسیکی موسیقی کو یک جاں کرکے موسیقی کو نئی جہت بخشی۔ انھیں "شہنشاہ قوالی” بھی کہا جاتا ہے۔انھوں نے اپنی پہلی پرفارمنس ریڈیو پاکستان کے سالانہ موسیقی کے پروگرام ’جشن بہاراں‘ کے ذریعے دی۔ ان کی پہلی کامیاب قوالی ’’حق علی علی‘‘ تھی جو دنیا بھر میں ان کی شناخت کا باعث بنی۔ نصرت فتح علی خان زیادہ تر اُردو، پنجابی جبکہ کبھی کبھی فارسی، برج بھاشہ اور ہندی زبان میں بھی گاتے تھے۔انھوں نے اپنی زندگی میں متعدد البم ریلیز کیے، جس میں قوالی کے 125 آڈیو البم شامل ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا۔نصرت فتح علی خان فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد فتح علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے ان کے خاندان نے قیام پاکستان کے وقت مشرقی پنجاب کے ضلع جالندھر سے ہجرت کرکے فیصل آباد میں سکونت اختیار کی تھی۔ استاد نصرت فتح علی خان نے اپنی تمام عمر قوالی کے فن کو سیکھنے اور اسے مشرق و مغرب میں مقبول بنانے میں صرف کر دی۔ انھوں نے صوفیائے کرام کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا اور ان کے فیض سے خود انھیں بے پناہ شہرت نصیب ہوئی۔