MOJ E SUKHAN

جہاں کچھ لوگ دیوانے بنے ہیں

جہاں کچھ لوگ دیوانے بنے ہیں
بڑے دلچسپ افسانے بنے ہیں

حقیقت کچھ تو ہوتی ہے یقیناً
کہیں جھوٹے بھی افسانے بنے ہیں

بہت نازاں تھے جو فرزانگی پر
انہیں دیکھا تو دیوانے بنے ہیں

کہ انداز نظر کی آذری سے
دلوں میں کتنے بت خانے بنے ہیں

جو شعلہ شمع کے دل میں ہے روشن
اسی شعلے سے پروانے بنے ہیں

یہ کس ساقی کا فیضان نظر ہے
چمن میں پھول پیمانے بنے ہیں

قیامت تھا مرا محفل سے اٹھنا
نہ جانے کتنے افسانے بنے ہیں

مری دیوانگی پر ہنسنے والے
بزعم خویش فرزانے بنے ہیں

جلی ہیں ذہن میں یادوں کی شمعیں
تصور میں صنم خانے بنے ہیں

بہ نام غم بہ عنوان محبت
جنوں افروز افسانے بنے ہیں

زمانے سے ہو یزدانیؔ گلہ کیا
کہ جو اپنے تھے بیگانے بنے ہیں

یزدانی جالندھری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم