MOJ E SUKHAN

گھروندے خوابوں کے سورج کے ساتھ رکھ لیتے

غزل

گھروندے خوابوں کے سورج کے ساتھ رکھ لیتے
پروں میں دھوپ کے اک کالی رات رکھ لیتے

ہمیں خبر تھی زباں کھولتے ہی کیا ہوگا
کہاں کہاں مگر آنکھوں پہ ہاتھ رکھ لیتے

تمام جنگوں کا انجام میرے نام ہوا
تم اپنے حصے میں کوئی تو مات رکھ لیتے

کہا تھا تم سے کہ یہ راستہ بھی ٹھیک نہیں
کبھی تو قافلے والوں کی بات رکھ لیتے

یہ کیا کیا کہ سبھی کچھ گنوا کے بیٹھ گئے
بھرم تو بندۂ مولا صفات رکھ لیتے

میں بے وفا ہوں چلو یہ بھی مان لیتا ہوں
بھلے برے ہی سہی تجربات رکھ لیتے

آشفتہ چنگیزی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم