MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

ساقی ہو اور چمن ہو مینا ہو اور ہم ہوں

غزل

ساقی ہو اور چمن ہو مینا ہو اور ہم ہوں
باراں ہو اور ہوا ہو سبزہ ہو اور ہم ہوں

زاہد ہو اور تقویٰ عابد ہو اور مصلیٰ
مالا ہو اور برہمن صہبا ہو اور ہم ہوں

مجنوں ہیں ہم ہمیں تو اس شہر سے ہے وحشت
شہری ہوں اور بستی صحرا ہو اور ہم ہوں

یارب کوئی مخالف ہووے نہ گرد میرے
خلوت ہو اور شب ہو پیارا ہو اور ہم ہوں

دیوانگی کا ہم کو کیا حظ ہو ہر طرف گر
لڑکے ہوں اور پتھرتے بلوا ہو اور ہم ہوں

اوروں کو عیش و عشرت اے چرخ بے مروت
غصہ ہو اور غم ہو رونا ہو اور ہم ہوں

ایمان و دیں سے تاباںؔ کچھ کام نہیں ہے ہم کو
ساقی ہو اور مے ہو دنیا ہو اور ہم ہوں

تاباں عبد الحی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم