MOJ E SUKHAN

ہے جب تک دشت پیمائی سلامت

غزل

ہے جب تک دشت پیمائی سلامت
رہے گی آبلہ پائی سلامت

رہے جب تک یہ بینائی سلامت
ہماری خامہ فرسائی سلامت

بہت سنوریں گے سنگ و سر کے رشتے
جنوں کی کار فرمائی سلامت

بہت حیران ہیں آئینہ خانے
ترے قامت کی زیبائی سلامت

سبھی ہاتھوں میں لے کر سنگ آئے
خرد کی جلوہ آرائی سلامت

بہت دیکھے بہار آمیز منظر
تری یادوں کی رعنائی سلامت

حجاب اس نے کیا آسودۂ غم
یہ انداز مسیحائی سلامت

حجاب عباسی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم