MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

یہ حادثہ بھی ترے شہر میں ہوا ہوگا

غزل

یہ حادثہ بھی ترے شہر میں ہوا ہوگا
تمام شہر مجھے ڈھونڈھتا پھرا ہوگا

میں اس خیال سے اکثر اداس رہتا ہوں
کوئی جدائی کی صدیاں گزارتا ہوگا

چلو کہ شہر کی سڑکیں کہیں نہ سو جائیں
اب اس اجاڑ حویلی میں کیا رکھا ہوگا

تمہاری بزم سے نکلے تو ہم نے یہ سوچا
زمیں سے چاند تلک کتنا فاصلہ ہوگا

ذرا سی دیر کو سونے سے فائدہ آزرؔ
تمہیں تو روز اسی طرح جاگنا ہوگا

کفیل آزر امروہوی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم