MOJ E SUKHAN

زیست کی شام تلک تیری طلب

زیست کی شام تلک تیری طلب
صبحِ ہنگام تلک تیری طلب

شام سے صبح تلک تیرا خیال
صبح سے شام تلک تیری طلب

گاؤں سے شہر تلک خط کا سفر
تیرے ہمنام تلک تیری طلب

مصر سے شام تلک پابہ رکاب
شہرِ اصنام تلک تیری طلب

عشق کی آخری معراج ہے تو
اپنے انجام تلک تیری طلب

چشم عشاق کو پھرتی ہے لیے
بام سے بام تلک تیری طلب

شہر تقدیس سے لے آئی مجھے
شہر اوہام تلک تیری طلب

عشق گرچہ ہے قبیلہ میں حرام
حرف دشنام تلک تیری طلب

ثمر خانہ بدوش

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم