MOJ E SUKHAN

کر رہی تھیں سبزہ زاروں میں جو کل اٹکھیلیاں

کر رہی تھیں سبزہ زاروں میں جو کل اٹکھیلیاں
دام میں صیّاد کے اب آگئیں وہ ہرنیاں

موسمِ ہجراں میں خود سے بھی بچھڑنے لگ گیا
میں نے سوچی ہی نہ تھیں قسمت میں ایسی دوریاں

دل کی دھڑکن رک رہی ہے اور ایسا حبس ہے
جیسے کمرہ بند ہو اور بند ہوں سب کھڑکیاں

وقت کے سانپوں نے میرے قہقہوں کو ڈس لیا
ٹوٹ کر بکھری ہوئی ہیں ساعتوں کی کرچیاں

خواہشوں کا سانس گھٹتا جا رہا ہے اب مرادؔ
رنگ خوشبو اُڑ گئے ہیں جل رہی ہیں تتلیاں

شفیق مراد

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم