MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

ادب سے عاری درندہ صفات لوگوں میں

غزل

ادب سے عاری درندہ صفات لوگوں میں
میں بیٹھتا ہی نہیں واہیات لوگوں میں

نہیں طویل مرے آشناؤں کی فہرست
میں جانا جاتا ہوں بس پانچ سات لوگوں میں

خدا کا شکر سخن رائیگاں نہیں میرا
سنی گئی ہے مری بات بات لوگوں میں

مجھے بھی چھوڑ کے جانا ہے ایک روز جہاں
مرا شمار بھی ہے بے ثبات لوگوں میں

مجھے خدا پہ مکمل یقین ہے مرے دوست
میں ڈھونڈھتا نہیں راہ نجات لوگوں میں

یہ عشق میں نے چھپا کر کیا تھا سو اس کی
بیان کیسے کروں مشکلات لوگوں میں

یہ کیا بنا ہوں محبت کا میں شجر صاحب
بکھر گیا ہے مرا پات پات لوگوں میں

اعجاز توکل

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم