MOJ E SUKHAN

اس انتہائے قرب کی منزل ملال ہے

اس انتہائے قرب کی منزل ملال ہے
اے دوست ہر عروج کو آخر زوال ہے

میں بھی تو اپنے آپ سے مصروفِ جنگ تھا
مجھ سے مرا سلوک مرے حسبِ حال ہے

بچھڑے ہیں اس خلوص سے دونوں کہ شہر میں
اب ترکِ دوستی بھی ہماری مثال ہے

قاتل ہے سب کی آنکھ کا تارا بنا ہوا
کیسا یہ معجزہ ہے، یہ کیسا کمال ہے

اس بارشِ فراق میں ہر روز گر پڑے
دیوارِ جاں بھی آج کل جاں کا وبال ہے

ہر سال ایک عید مبارک کی شکل میں
اتنا تو ہے کہ رابطہ اُس سے بحال ہے

ہے عشق بے نیازِ ثواب و سزا نعیم
بدعت وفا کی شرع میں ہجر و وصال ہے

محمد نعیم جاوید نعیم

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم