MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

میں تو ہوں آواز کرنے کے لئے

میں تو ہوں آواز کرنے کے لئے
تم نظر انداز کرنے کے لئے

کیا کوئی ہمزاد کرنا ہے ضرور
کیا کوئی دمساز کرنے کے لئے

سوچنے ہی کے لئے ہوتے ہیں کچھ
کام، لیکن بعض کرنے کے لئے

خود تو وہ رکتا کسی صورت نہیں
چلئے اس کو باز کرنے کے لئے

اک نئ ترکیب سوجھی ہے ابھی
جسم کو پشواز کرنے کے لئے

خود کو رسوا کر رہا ہوں شہر میں
اک ذرا ممتاز کرنے کے لئے

ڈھونڈتے پھرتے ہیں فرصت کی گھڑی
کچھ نیاز و راز کرنے کے لئے

اک پنیری سی لگا رکھتا ہوں میں
لفظ کو الفاظ کرنے کے لئے

جا رہا ہوں کس قدر خوش خوش ، ظفر
میں اسے ناراض کرنے کے لئے

شاعر: ظفر اقبال

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم