MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

سوئے کعبہ یا سوئے کوئے بتاں لے جائے گا

سوئے کعبہ یا سوئے کوئے بتاں لے جائے گا
سچ بتا جوش جنوں مجھ کو کہاں لے جائے گا

جائیں گے ملک عدم کو دین و ایماں چھوڑ کر
سر پہ اپنے کون یہ بار گراں لے جائے گا

ہے یقیں اس دل کے ہاتھوں جان ایک دن جائے گی
کھینچ کر مقتل میں بہر امتحاں لے جائے گا

خود ارادہ بت کدہ کا ہے نہ کعبہ کی ہوس
جائیں گے واعظ جہاں پیر مغاں لے جائے گا

چھوڑ کر بسمل گیا بے رحم یہ سمجھا نہ ہائے
دل میں ارمان شہادت نیم جاں لے جائے گا

کوئے جاناں بھی نہ چھوڑا خانہ ویرانی کے بعد
دیکھنا ہے اب کہاں یہ آسماں لے جائے گا

آئے تھے اوگھٹؔ جہاں میں ٹھوکریں کھانے کو ہم
جائیں گے یہ آب و دانہ اب جہاں لے جائے گا

اوگھٹ شاہ وارثی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم